سوال: احرام باندھنے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب: احرام باندھنے سے قبل جسم کی ظاہری صفائی کا خاص طور پر اہتمام کرنا یعنی احرام سے قبل ناخن تراشنا، زیر ناف اور بغل کے بال صاف کرنا اور اس کے بعد غسل کرنا شامل ہے۔ سر اور جسم پر خوشبو لگانی چاہیے اور مرد سلا ہوا کپڑا اتار کر بغیر سلی ہوئی ایک چادر کا تہہ بند باندھیں اور ایک چادر کندھوں سے اوڑھ لیں۔ عام طور پر ان دو چادروں کو ہی احرام کہتے ہیں جو حاجی احرام کی حالت میں استعمال کرتا ہے۔ لیکن یاد رہے کہ یہ دو چادریں بذات خود احرام نہیں ہیں بلکہ احرام کی چادریں ہیں اگر کسی وجہ سے ایک یا دو چادریں جو احرام کے لئے باندھی ہیں ناپاک ہو جائیں تو یہ کپڑے بدلے جا سکتے ہیں۔ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ان چادروں کو ایک دفعہ باندھ لینے کے بعد انہیں کھول نہیں سکتے یہ سراسر غلط ہے۔ ان چادروں کو اتار دینے سے یا بدل دینے سے آدمی احرام سے نہیں نکلتا۔ عمرہ یا حج کے احرام سے اسی وقت نکلیں گے یا دوسرے لفظوں میں اسی وقت حلال ہوں گے جب عمرہ یا حج کے تمام ارکان ادا کر کے حجامت بنوا لیں۔